• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، بیروت، دمشق پر اسرائیلی حملے، 18 امدادی کارکنوں سمیت 62 افراد شہید

غزہ/بیروت/دمشق(آئی این پی)غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 42 افراد شہید،112زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیل کی دمشق میں بمباری کے نتیجے میں20افراد مارے گئے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق نباتیہ میں شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے میں چار پیرامیڈکس سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ بعلبیک شہر کے قریب ایک اور شہری دفاع کے مرکز پر ہونے والے دوسرے حملے میں12امدادی کارکن مارے گئے۔ منگل کو لبنانی صحافی سقینہ منصور کوثرانی جنوبی لبنان میں صیدا کے قریبی گاؤں جون میں تین منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے دو بچوں اور خاندان کے دیگر افراد سمیت شہید ہو گئیں۔ریڈیو النور کے لیے نامہ نگار کے طور پر کام کرنے والی کوثرانی کی ہلاکت کی اطلاع اسی ریڈیوا سٹیشن نے دی۔ یہ ریڈیوا سٹیشن حزب اللہ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید24فلسطینی شہید اور 112زخمی ہوئے ہیں غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں 7اکتوبر 2023سے اب تک43ہزار 736فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 3ہزار 386افراد شہید اور14ہزار 417زخمی ہو چکے ہیں۔دریں اثناء شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی ہے کہ دمشق پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 20افرادجان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید