اسکردو( نثار عباس سدپارہ )ضلع اسکردو کی بالائی تحصیل گلتری سے اسکردو آتے ہوئے دیوسائی میدان میں شدید برفباری کے باعث دو روز سے پھنسے مسافروں کو واپس گلتری پہنچا دیا گیا ، مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لئے پاک فوج کی قیادت میں جوائنٹ ریسکیو ٹیمیں اسکردو اور گلتری سے جمعے کی صبح روانہ ہوئی تھیں ۔ سطح سمندر سے 10ہزار فٹ کی بلندی پر واقع تحصیل گلتری کے مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے 16افراد جمعرات کے روز دو ٹیوٹا جیب پر اسکرود روانہ ہوئے تھے جو 14 ہزار فٹ کی بلندی پر (بڑی لا )دیوسائی کے مقام پر ڈھائی فٹ برف میں پھنس گئے تھے،جہاں ان مسافروں نے منفی 15 سنٹی گریڈ کی سردی میں ایک رات گزاری، مسافروں کے دیوسائی کے وسیع و عریض اور بلند ترین مقام پر پھنسنے کی اطلاع ملتے ہی اسکردو اور گلتری سے پاک فوج، پولیس اور ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی ٹیمیں دیوسائی روانہ ہوئی تھیں، جہاں گلتری کی ریسکیو ٹیم نے بڑی لا کے مقام سے مسافروں کو ریسکیو کر کے بحفاظت واپس گلتری پہنچا دیا ہے۔