واشنگٹن(آئی این پی)رواں سال کا آخری سپر مون ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات شہاب ثاقب کی بارش کے ساتھ یادگار منظر پیش کرے گا۔ماہر فلکیات ڈاکٹرجاوید اقبال نے بتایا کہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 2بج کر 28منٹ پر سپر مون اپنے عروج پر دیکھا جاسکے گا، سپر مون کے دوران چاند معمول سے14فیصد بڑا اور30فیصد زیادہ روشن نظر آتا ہے۔اس حوالے سے ڈاکٹرجاوید اقبال نے بتایا کہ سپرمون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین فاصلے پر آجاتا ہے، سپرمون کے دوران زمین اور چاند کا فاصلہ کم ہو جاتا ہے۔امریکن میٹیورسوسائٹی کے مطابق، ہفتے کی رات دو بج کر انتیس منٹ پر چاند اپنے جوبن پر ہوگا۔ اس دوران چاند زمین سے دو لاکھ پچیس ہزار میل کی دوری پر ہوگا۔رپورٹ کے مطابق سپر مون کے دوران شہاب ثاقب بھی کثیر تعداد میں گریں گے جس سے سپر مون کا نظارہ یادگار ہونے کا امکان ہے۔