راولپنڈی (جنگ نیوز) سکولوں کالجز میں زیرتعلیم طلبہ کے والدین نے پنجاب حکومت سے سموگ کے پیش نظر چھٹیاں دیئے جانے کے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ اپنے مشترکہ خط میں انہوں نے کہا کہ سموگ اور فضائی آلودگی کی وجہ سے بار بار کالجز کی بندش کے نتیجے میں طلبہ کی تعلیمی پیشرفت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی سال مختلف عوامل کی وجہ سے پہلے ہی مختصر ہو چکا ہے جس میں غیر ملکی وفود کی آمد‘ کرکٹ میچوں سمیت سیاسی حالات کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہیں۔ مزید چھٹیوں سے تعلیمی کیلنڈر مزید سکڑ جائیگا جس سے طلبہ اور اساتذہ دونوں کیلئے اپنے اہداف کو حاصل کرنا مشکل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم‘ چکوال اور اٹک جیسے شہروں میں سموگ کی شدت نمایاں طور پر کم ہے تو ان علاقوں میں تعلیمی اداروں کو ضروری حفاظتی تدابیر کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ پنجاب بھر میں بندش کی یکساں پالیسی ان علاقوں کے طلبہ پر غیر منصفانہ اثر ڈال سکتی ہے جہاں سموگ کا اثر کم ہے۔