کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ادویہ کمپنی ، ہوٹل اور عمارت میں آگ لگ گئی، ایک شخص نے عمارت سے چھلانگ کر اپنی جان بچائی ،تفصیلات کے مطابق نیو چالی کے قریب واقع سات منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر واقع نجی دفتر مکمل طور پر خاکستر ہو گیا جبکہ ایک شخص پہلی منزل سے چھلانگ لگا نے سے معمولی زخمی ہو ا جو وکیل بتایا جاتا ہے ، فائر بریگیڈ ترجمان کے مطابق آگ تیزی سے پھیلی جس سے پوری عمارت دھوئیں سے بھر گئی، اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو طلب کر لیا، فائر فائٹرز نے عمارت میں پھنسے 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا، آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ہے،آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ، علاوہ ازیں شارع فیصل پر واقع ہوٹل میں آگ تیسری منزل پر واقع کمرے میں لگی ، سائٹ ایریا لیبر اسکوائر کے قریب ادویہ بنانے والی کمپنی میں آگ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمع ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوعہ پر پہنچی ،ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق عمارت زیر تعمیر ہے جس پر فائر فائٹرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ، کمپنی انتظامیہ کے مطابق لاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہوگیا ہے، فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں ۔