کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ حکومت و ریاست کی نااہلی کی وجہ سے 5 سے 15 سال کے 73 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کے لیے اُمید بن چکا ہے،ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آگے بڑھائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی والخدمت کے تحت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے کے لیے پنجاب گراؤنڈ،شاہ فیصل کالونی میں ”بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0“ میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،ماڈل ٹاؤن کے چیئرمین ظفر احمد خان،امیرجماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف،آئی ٹی اسپیشلسٹ و سوشل میڈیا ایکٹیوٹس قاضی نعمان مجاہد،جامعہ ملیہ کی استاد شہناز احمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرشعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والی شخصیات ڈاکٹر شمائلہ گل،ڈاکٹر فائقہ،رفعت جمیل اور مس فرزینہ بھی موجود تھیں،تقریب میں انٹرمیڈیٹ میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والی امینہ احسان اور میٹرک میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی رومیصا عمران کو گلدستہ اور یاد گاری شیلڈز دی گئیں، شرکاء سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔