کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی گرینڈ الائنس کے چیئرمین محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی بے حسی کے باعث کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے،انہوں نے آرمی چیف سے اپیل کی کہ وہ بہاول پور،ہزارہ اور کراچی کو الگ انتظامی یونٹ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، الائنس کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم اور کراچی میں مقامی پولیس تعینات کی جائے، وہ کے جی اے ضلع وسطی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے،اسلم خان نے کہا کہ کراچی کی حالیہ صورت حال کے ذمے دار وہ لوگ ہیں جو عرصہ دراز سے اس شہر اور صوبے پر حکومت کر رہے ہیں، کراچی کے لوگوں کو نوکریاں نہیں مل رہیں ،جو شہری ادارے ہیں ان میں بھی باہر سے لوگوں کو لا کر نوکریاں دی جا رہی ہیں، بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات نہیں دیے جا رہے، ہم آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے دیرینہ مسائل پر کام کرنے کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا کہ پاکستان میں مزید صوبے یا انتظامی یونٹ بننے چاہئیں، ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جب تک انتظامی یونٹ نہیں بنتاکراچی کو اسلام آباد کے حوالے ، کوٹہ سسٹم فی الفور ختم کیا جائے، جو لوگ ڈیپوٹیشن پر یہاں نوکریاں کر رہے ہیں، انہیں فوراً ان کے صوبے یا شہر میں واپس بھیجا جائے اور ان اسامیوں پر کراچی کے لوگوں کو نوکریاں دی جائیں۔