کراچی(سید محمد عسکری) صوبائی محکمہ صحت نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سکھر کو کراچی کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لینے کی باقاعدہ اجازت دیدی ہے جس کے تحت اب آئی بی اے سکھر، کراچی سمیت پورے سندھ کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لے گا۔ محکمہ صحت کے ڈپٹی سیکریٹری ٹیکنیکل بورڈ زوہیب حسن شیخ نے آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے پاس کردہ ہدایت کی تعمیل میں میڈیکل اور ڈینٹل ایڈمیشن ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے کہ آئی بی اے کراچی نے ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے اپنی نااہلی اور عدم رضامندی سے آگاہ کیا ہے۔ لہذا، آئی بی اے سکھر کو عدالتی حکم کی روشنی میں، پورے صوبے میں ایم ڈی کیٹ دوبارہ لینے کی اجازت دی جاتی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ معزز سندھ ہائی کورٹ، کراچی نے فل کورٹ آرڈر کے اجراء کی تاریخ یعنی 15 نومبر 2024 سے 04 ہفتوں کی مہلت دی ہے جب کہ آئی بی اے سکھر، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی سے پہلے ہی ضرورت کے مطابق ڈیٹا شیئر کرنے کی درخواست کر چکی ہے۔ اور پی ایم ڈی سی اسلام آباد نے بھی ڈیٹا شیئر کرنے کی تصدیق کی ہے۔ محکمہ صحت، حکومت سندھ پہلے ہی ایک فوکل پرسن نامزد کر چکا ہے اس کے علاوہ اجلا س ہو چکا ہے اور دیگر ضروری خط و کتابت بھی کی گئی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت، حکومت سندھ اور سکھر آئی بی اے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کا جائزہ لیا گیا ہے اور اسے کچھ ترامیم کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے اور پہلی دستیابی پر اس پر دستخط کیے جائیں گے۔ صوبائی کابینہ، سندھ کے 6 نومبر 2024 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی تعمیل میں، سکھر IBA کو 6 ہزار روپے فی کس کے حساب سے 232.140 ملین روپے فراہم کیئے جارہے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ ٹیک کے انعقاد کے حوالے سے محکمہ صحت نے فنڈز کے اجراء کے لیے وزیر اعلیٰ کے لیے سمری بھیج دی ہے۔ چناچہ IBA سکھر عدالتی حکم کی تعمیل میں MDCAT-24 کوکو دوبارہ لینے کا عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کرے۔