کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)قلات کے علاقے جوہان ، نرمک اور گزگ کے قبائلی عمائدین سردارزداہ امیر جان لہڑی ، وڈیرہ دوست علی لہڑی ، ملک گہرام لہڑی ، میر حبیب خان لہڑی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 قلات کے 7 پولنگ اسٹیشنز کو پرانے مقام پر بحال کیا جائے ،پولنگ اسٹیشن دور دراز علاقے منتقل کرنا ووٹرز کو حق رائے دہی محروم رکھنے کے مترادف ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل نے قلات سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 کے 7 پولنگ پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا ، ان پولنگ اسٹیشنوں میں یونین کونسل جوہان ، نمرک ، یونین کونسل گزگ شامل ہیں ، جن پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ ہورہی ہے ان 7 پولنگ اسٹیشنز کو پرانے مقام پر بحال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جوہان سے گزگ کا فاصلہ 90 کلومیٹر ہے اتنے دور پولنگ اسٹیشن تبدیل کرنا ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی محروم رکھنے کے مترادف ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ،اس کے علاوہ ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے اور علاقہ بھی انتہائی دشوار گزار ہے، لنگ اسٹیشن کے مقام کو تبدیل کیا جائے کیونکہ مذکورہ بالا مشکلات کے باعث ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اس حوالے سے ہم نے صوبائی حکومت ، الیکشن کمیشن آف پاکستان ، کمشنر قلات ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر قلات اور آر او قلات ڈویژن کو تحریری طورپر درخواست دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قلات کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات میں بڑی تعداد میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت قبائلی عمائدین نے میر ضیا اللہ لانگو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔