کوئٹہ ( پ ر ) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کی حالیہ انتخابی مہم کے سلسلے میں کوئٹہ کے گرلز اور بوائز کالجوں کا دورہ کرتے ہوئے صدارتی امیدوار پروفیسر ڈاکٹر سید جمیل آغا اور مرکزی کابینہ کے ارکان نے اپنے منشور کو برادری کے سامنے رکھتے ہوئے تعلیمی ترقی میں پیشرفت کے حوالے سے اساتذہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے قوم کے معماروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں کالج اساتذہ کم وسائل میں رہ کر بھرپور انداز میں علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر سید جمیل آغا نے کہا کہ اساتذہ کے جائز اور قانونی حقوق فراہم کرنا حکام بالا کی پہلی ذمہ داری ہے جس کے لیے انتخابات میں جیتنے کے بعد تعلیمی ماہرین اور سماج میں موجود دیگر ماہرین کی مشاورت سے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔ کالجز کے دورے کے موقع پر سابق صدر بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن پروفیسر طارق بلوچ نے کہا کہ یکجہتی پینل کی سابقہ منتخب کابینہ کی کارکردگی کو بے سروپا اور مبہم سوالات اور پروپیگنڈے سے نہیں جھٹلایا جاسکتا۔ پروفیسر طارق بلوچ نے کہا کہ ہم جس مقدس پیشے سے تعلق رکھتے ہیں اس کی واحد نمائندہ تنظیم بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن بنیادی طور پر فلاح و بہبود کی تنظیم ہے جس کی اولین ترجیح پروقار انداز سے پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دیتے ہوئے اجتماعی مفادات کا حصول ہے جس کے تحت رہتے ہوئے ہم اپنے فرائض کی انجام دہی سے جدید عصری علوم سے طلباء و طالبات کو فیضیاب کرسکتے ہیں۔