کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماوں ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سردار زین العابدین خلجی اور نور خان خلجی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ملک بھر میں جاری جدوجہد میں پی ٹی آئی بلوچستان بھی بھرپور کردار ادا کرئے گی ،پارٹی کے بانی کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج میں شرکت کیلئے بلوچستان بھر سے قافلے اسلام آباد جائیں گے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہموجودہ حکمرانوں نے 8 فروری کے انتخابات میں پارٹی کو عوام کی جانب سے دئیے جانے والامینڈیٹ چوری کیا اور فارم 47 کے حکمران ملک و قوم پر مسلط کئے گئے ۔ پاکستان تحریک انصاف ملک میں بدامنی اور مینڈیٹ کی چوری کے خلاف سراپا احتجاج ہوکر اپنا آئینی و جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن جمہوری جدوجہد کررہی ہے ،اپنے میڈیٹ کی واپسی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی چاہتے ہیں ہم 26 ویں آئینی ترمیم کو کسی صورت نہیں مانتے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج میں شرکت کیلئے پارٹی کا مرکزی قافلہ سبی اور کوئٹہ سے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر داود شاہ کاکڑ کی قیادت میں اسلام آباد جائے گا اسلام آباد احتجاج میں شرکت کیلئے بڑی ریلی کی صورت میں جائیں گےجبکہ احتجاج میں شرکت کیلئے 23 نومبر کو پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر پرامن طریقے سے اسلام آباد جائیں گے ۔