برسلز (انیب راشد/عظیم ڈار) بلجیم میں سفارتخانہ پاکستان نے فیڈریشن آف بلجیم چیمبرز آف کامرس اور بلجیم، لکسمبرگ چیمبرز ابروڈ کے تعاون سے بلجیم اور لکسمبرگ کی کمپنیوں کیلئے کامیاب ویبینار کا انعقاد کیا جس کا موضوع تھا ’’پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع‘‘، ویبینار میں معروف شرکاء بلجیم کے تجارتی کمشنر برائے اسلام آباد، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے جوائنٹ سیکرٹری اور پاکستان، بلجیم، لکسمبرگ بزنس فورم کے صدر شامل تھے۔ ویبینار میں بلجیم اور لکسمبرگ کی 30سے زائد کمپنیز نے شرکت کی جس سے پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری کی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد بلال نے پاکستان میں دستیاب متنوع تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر جامع پریزنٹیشن پیش کی اس پریزنٹیشن میں مینو فیکچرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت اور قابل تجدید توانائی جیسے اہم ترقیاتی شعبوں کو اجاگر کیا گیا جب کہ پاکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت، جدید انفراسٹرکچر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ڈیزائن کردہ پالیسیوں کا بھی بتایا گیا۔ یہ ویبینار پاکستان، بلجیم اور لکسمبرگ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے اور باہمی فائدہ مند شراکت داریوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم ترین قدم ہے، اس نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کو اجاگر کیا۔