• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملوں سے تباہی کا سلسلہ جاری، بیروت میں 15 افراد، غزہ میں بچوں سمیت 19 فلسطینی شہید

بیروت (اے ایف پی)اسرائیلی حملوں سے لبنان اور غزہ میں تباہی کا سلسلہ جاری، بیروت میں 15افراد شہید اور63زخمی، جبکہ غزہ میں چھ بچوں سمیت19فلسطینی شہید اور40زخمی ہو گئے۔ بیروت اور غزہ کی پٹی میں رات کے وقت اسرائیلی فضائی حملوں میں گھروں اور رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا،محصور پٹی کےعلاقے زیتون میں تین بچوں سمیت سات افراد ،خان یونس میں تین بچوں سمیت چھ افراد شہید ہوئے ۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے گزشتہ روز بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں اور ٹینکوں کی فائرنگ سے کم از کم چھ بچوں سمیت19افراد شہید ہو گئے۔غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بسال نےکہا کہ رفح میں ٹینک فائر کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب اورگزشتہ روز صبح اسرائیلی فضائی حملوں کی تین قتل عام کی کارروائیوں میں 19افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے۔ان حملوں میں سے ایک نے زیتون محلے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس میں تین بچوں سمیت سات افراد شہیداور10زخمی ہوئے، حملے کے وقت وہ اپنے گھر میں سو رہے تھے۔محمود بسال نے بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس میں ایک اور حملے میں تین بچوں سمیت چھ افراد شہید اور 26 بے گھر افراد زخمی ہو گئے جواسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والے گھر کے قریب خیموں میں مقیم تھے۔انہوں نے کہا کہ وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات میںایک اور گھر پر حملے میں چار افراد شہید ہوئے، اور رفح میںدو نوجوان ٹینک کے فائر سے شہید ہو گئے۔دوسری جانب ، لبنان نے کہا کہ وسطی بیروت پر اسرائیلی حملے میں 15افرادشہید اور 63زخمی ہو گئے، ایک رہائشی عمارت منہدم ہونےکےبعد کئی گھنٹے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔فوٹیج میں فائر ٹرک اور سول ڈیفنس ریسکیورز کے ساتھ ایک کھدائی کرنے والے کو آٹھ منزلہ عمارت کا ملبہ ہٹاتے ہوئے دکھایا گیا۔
اہم خبریں سے مزید