کراچی(این این آئی) گزشتہ 10سال میں پکڑی گئی منشیات کب اور کہاں تلف کی گئی، اس سلسلے میں سرکاری محکمے عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔ محکمہ داخلہ اور ایکسائز اینڈ نارکوٹکس نے عدالت سے رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں منشیات برآمدگی کیس میں ملزمان کی اپیلوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت کے استفسار پر محکمہ داخلہ سندھ اور ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ پیش کی گئی تاہم دس سال میں پکڑی گئی منشیات سے متعلق رپورٹ پر عدالت مطمئن نہ ہو سکی، عدالت نے کہا عبوری رپورٹ پیش کی گئی ہے، اس کی بھی وضاحت پیش نہیں کی جا سکی۔محکمہ داخلہ اور ایکسائز اینڈ نارکوٹکس نے عدالت سے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت مانگ لی، جس پر عدالت نے 10 سال میں چاروں صوبوں سے برآمد منشیات کی رپورٹ طلب کر لی۔