لندن (پی اے) برطانیہ میں امریکہ کے3فضائی اڈوں پر پراسرار ڈرونز کی پرواز، امریکی ایئر فورس نے تصدیق کردی۔ یہ واقعات بدھ اور جمعہ کے درمیان پیش آئے۔ اطلاعات کے مطابق سفوک اور فیلٹویل میں رائل ایئرفورس لیکن ہیتھ اور رائل ایئرفورس ملڈن ہال پر 3 چھوٹے بلا پائلٹ کے چھوٹے ڈرونز پرواز کرتے دیکھے گئے۔ امریکی ایئر فورس کا، جو یہ ایئر بیس استعمال کرتی ہے، کہنا ہے کہ فی الوقت یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ ڈرون جارحانہ تھے یا نہیں؟۔ امریکی ایئر فورس کا کہنا ہے کہ اسے اپنی تنصیبات کے تحفظ کا حق حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ رائل ایئرفورس لیکن ہیتھ اور رائل ایئرفورس ملڈن ہال پربلاپائلٹ ڈرونز پرواز کرتے دیکھے گئے۔ امریکی ایئربیس کی نگرانی کرنے والے اور بیس پر کسی قسم کی مداخلت کا تعین کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ فضائی تنصیبات یا وہاں رہنے والوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انھوں نے کہا کہ آپریشنل سیکورٹی کے تحفظ کیلئے ہم فورس کے تحفظ کے اقدامات پر بات نہیں کرسکتے لیکن تنصیبات کے تحفظ کا حق رکھتے ہیں، ہم فضائیہ کی حدود کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور میزبان ملک اور مشن کے پارٹنرز کے ساتھ عملے، تنصیبات اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ رائل ایئرفورس ملڈن ہال امریکی فضائیہ کا ری فیولنگ کا بنیادی طورپر 100 واں بیس ہے جبکہ رائل ایئرفورس لیکن ہیتھ امریکی فضائیہ کے F-35A اور F-15E کے اڈے ہیں۔ رائل ایئرفورس فیلٹ ویل میں لاجسٹکس کی سہولتیں ہیں جبکہ فضائیہ کے افسران کی رہائش بھی اسی جگہ ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور دفاع سے متعلق مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہیں، جن میں ڈرونز کو ناکام بنانے کی صلاحیت شامل ہے، سیکورٹی کے طریقہ کار کے بارے میں ہم مزید بات نہیں کریں گے۔