لندن/ لوٹن /گلاسگو(شہزاد علی/طاہر انعام شیخ) تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش نے برطانیہ میں سفری مسائل پیدا کردیئے۔تیز ہوائیں برطانیہ بھر میں موسلا دھار بارش کو مزید تیز کر رہی ہیں، سفری مسائل بڑھ رہے ہیں، فیری کمپنی DFDS نے آج پیر تک اپنی کچھ سروسز بشمول نیو ہیون سے ڈیپے تک کا راستہ منسوخ کر دیا ہے۔کیپل کریگ، نارتھ ویلز میں ہفتہ کو صرف 12 گھنٹوں میں تقریباً 64.4ملی میٹر بارش ہوئی اور ہوا کے جھونکے 82 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئے، افسوس کی بات یہ ہے کہ ونچسٹر کے قریب A34پر ایک درخت کار پر گرنے سے 60سال کا ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ہیمپشائر پولیس نے اطلاع دی کہ انہیں ہفتے کی صبح 7:47 پر کنگز ورتھی اور ونال کے درمیان سڑک کے جنوب کی طرف بلایا گیا، انہیں ایک کالی مرسڈیز ملی جس کا ڈرائیور موقع پر مردہ حالت میں تھا، افسران اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا اس واقعہ کا طوفان سے کوئی تعلق تھا۔ انگلینڈ میں طوفان کے دوران دو اور جان لیوا حادثات بھی ہوئے۔ویسٹ یارکشائر میں ایک 34 سالہ شخص ہفتے کی صبح اپنی گاڑی کے حادثے میں ہلاک ہو ژ گیا۔ یہ حادثہ بیچ ووڈ گرو کے ساتھ کونے پر شپلی میں مورہیڈ لین پر 12:59بجے پیش آیا۔ پولیس کو نیلے رنگ کا رینالٹ کیپٹر ملا جو سالٹیئر کی طرف گاڑی چلاتے ہوئے دیوار سے ٹکرا گیا تھا یہ واضح نہیں تھا کہ حادثہ طوفان برٹ سے منسلک تھا لیکن سڑک برف سے پھسلن نہیں تھی۔ نارتھمپٹن شائر میں فلور نامی جگہ کے قریب A45روڈ پر ایک حادثے میں 40سال کا ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ نارتھمپٹن شائر میں پولیس نے بتایا کہ حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً 8:20پر پیش آیا۔ اس میں دو کاریں شامل تھیں، ایک سلور ٹویوٹا کرولا اور گہرے بھوری رنگ کی Hyundai i30 Active شامل تھی، وہ نہیں جانتے تھے کہ آیا اس حادثہ کا تعلق طوفان سے ہے پولیس کے مطابق، ویلز میں A40کو بند کر دیا گیا تھا کیونکہ ایک درخت گر گیا تھا جس سے سینی برج اور بریکن کے درمیان ڈرائیوروں کیلئے مشکل ہو گئی تھی۔جنوب مشرقی ویلز میں، گوینٹ پولیس نے کہا کہ اتوار کی صبح میرتھر ٹائیڈفل سے ٹریڈیگر تک ایک سڑک پر سیلاب آگیا۔ ٹریفک کے نظم و نسق اور ڈرائیوروں کو محفوظ رکھنے میں مدد کیلئے ڈیٹور ترتیب دیئے گئے تھے۔ نارتھ ویلز میں لانگولن کے قریب Llanarmon Dyffryn Ceiriog میں، شمالی ویلز کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک گھر سے پانچ بالغوں اور پانچ بچوں کو بچانے کی ضرورت تھی۔ ٹرین آپریٹرز نے ہفتہ کو سارا دن کچھ سروسز منسوخ کر دیں اور مسافروں سے کہا کہ وہ سفر کرنے سے پہلے اپنے روٹس چیک کریں۔علاوہ ازیں سکاٹ لینڈ میں ٹرین لائن پر درخت گرنے سے گلاسگو اور بشپ برگ کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی، کئی مقامات پر برفباری کے باعث ٹرینوں کو بند یا ری روٹ کرنا پڑا جس سے سفر میں خاصی تاخیر ہوئی۔ نیوکاسل ائرپورٹ پر پروازیں متاثر ہوئیں۔ نیشنل گرڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں ہزاروں گھرانے یا کاروباری دفاتر بغیر بجلی کے ہیں۔ انوائرمنٹ ایجنسیوں نے دریاؤں کی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، کیونکہ برف کے پگھلنے یا تیز بارش سے سیلابوں کا خطرہ ہے۔ برفباری کے باعث بے شمار سڑکوں پر حادثات ہوئے اور خاصی تعداد میں افراد زخمی ہوئے۔ ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ برفباری کے دوران دوسرے ڈرائیورز سے کافی فاصلہ رکھیں۔