کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری، سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی اور انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے بیان میں مصور کاکڑ اور درجنوں معصوم بچوں کے اغوا کے خلاف پورے بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے مغوی بچے کی برآمدگی اور انتظامیہ کی نااہلی کے خلاف لواحقین کی جانب سے احتجاجی دھرنا جاری ہے جس میں آل پارٹیز اور تاجر برادری بھی شامل ہے،اسی احتجاجی عمل کے سلسلے میں آج بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا اغوا سنگین جرم ہے جس سے معاشرے میں خوف اور بے چینی پیدا ہوتی ہے جو خاندانوں کے ذہنوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ،بی این پی کی ضلعی کابینہ نے پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے بیس بیس افراد پر مشتمل تین کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو لواحقین کے ساتھ مل کر مرکزی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کی نگرانی کریں گی، ان میں ایک کمیٹی کراچی شاہراہ میاں غنڈی، دوسری سبی شاہراہ دشت اور تیسری چمن شاہراہ بلیلی پر ہڑتال کی نگرانی کرے گی،انہوں نےکارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ صبح تینوں پوائنٹس پر پہنچ کر پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں۔