کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل کچلاک کے سیکرٹری ملک نادر کاکڑ، سینئر معاون سیکرٹری رحمت ناصر ودیگر ایگزیکٹیوز نے مشترکہ بیان میں کچلاک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کیسکو حکام سے بجلی کی فوری ترسیل کا مطالبہ کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے زائد مختلف علاقوں میں کیسکو کی جانب سے بجلی بند کرکے تاریکی مسلط کی گئی ہے جس کے باعث تمام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ بیان میںکہا گیا کہ کچلاک کے لاکھوں کی آبادی حقیقی نمائندگی نہ ہونے کے باعث ہر شعبہ زندگی میں مسائل اور اذیت سے دوچار ہیں کیسکو کی جانب سے بجلی کی بندش، لوڈشیڈنگ، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی ، لوڈشیڈنگ وبندش کے مسائل ومشکلات سے عوام دوچار ہیں ، دوسری جانب چوری ، ڈکیتی ، سٹریٹ کرائمز کی وارداتوں ، منشیات فروشوں کے اڈوں ، کمین گاہوں میں اضافے کی صورتحال نے شہریوں کو جان ومال کے سنگین مسئلے سے دوچار کر رکھا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام فارم 47کے مسلط کردہ نام نہاد نمائندوں کی حکومت کے عوام دشمن اقدامات سے ہر علاقے میں سراپا احتجاج ہیں لیکن ان نام نہاد نمائندوں کو عوامی مشکلات اور احتجاج سے کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی یہ عوام کو جوابدہ ہیں۔ بیان میں کیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلا تاخیر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر پارٹی عوام کی تائید وحمایت سے کچلاک میں کیسکو کے ذیلی دفاتر کے سامنے احتجاج پر مجبور ہوگی ۔