کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سیکریٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر نے کہا ہے کہ ہمارے ملک نے عالمی مارکیٹ میں جدید ترین اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ زمینی، بحری اور فضائی دفاعی آلات پیش کئے ہیں جو دفاعی شعبے سے متعلقہ کئی میدانوں میں فخری خود انحصاری کی دلیل ہے ، آئیڈیاز2024کے تمام اہداف حاصل کرلیے ہیں۔ تقریباً 52ممالک سے 350غیر ملکی دفاعی وفود نے شرکت کی جو اس نمائش کی اہمیت اور کامیابی کو ظاہر کرتا ہے اس کے علاوہ 555سے زائد دفاعی نمائش کنندگان (جن میں سے 334 بین الاقوامی تھے ) نے اپنی مصنوعات اور آلات کی نمائش کی۔ آئیڈیاز 2024 کے دوران 82 سے زائد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔پاکستان ہمیشہ اس حقیقت سے واقف رہا ہے کہ اسلحہ امن کے قیام میں مدد دیتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ہم اس مسابقتی دنیا میں ایک پرامن اور ہم آہنگ ملک کے طور پر رہیں۔ اس موقع پر ڈی جی ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن میجر جنرل اسد نواز خان، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر علی عادل، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد اور تنویر عباس عبداللہ، چیف آپریٹنگ آفیسر بدر ایکسپو سلوشنز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 کا مقصد دفاعی صلاحیتوں کی نمائش کے ساتھ ایک میگا ایونٹ کے منصوبہ بندی اور انعقاد کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا، اور بین الاقوامی سطح پر خطے کے سلامتی کے مسائل پر ہمارے نقطہ نظر کو پیش کرنا تھا۔ ائیڈیاز کے انعقاد سے ہماری دفاعی صنعت کو ایک منفرد موقع فراہم کرنا تھا تاکہ نجی اور سرکاری ادارے اپنی مصنوعات کی نمائش کریں اور ترقی یافتہ دنیا کی دفاعی صنعت کے ساتھ براہ راست رابطہ استوار کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ائیڈیاز نمائش نے دفاعی سفارتکاری کے دائرے میں سفارتی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے ایک اچھا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تحت آئیڈیاز 2024 کا کامیاب انعقاد، پاکستان کی جدید، ترقی پسند اور برداشت کرنے والی ریاست کے طور پر تصویر کشی کرنے کا مظہر ہے، جو عالمی برادری کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے لیے تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے آئیڈیاز 2024 کے تمام اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ تقریباً 52 ممالک سے 350 غیر ملکی دفاعی وفود نے شرکت کی، جو اس نمائش کی اہمیت اور کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔