پیرس (رضا چوہدری) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیراہتمام پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی رہائی کے لئے عمران خان کی کال پر پیرس میں بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت پارٹی رہنما یاسر قدیر، عابد ملک، عمر رحمٰن، چوہدری افضال ڈھل، چوہدری ابرار کیانی، اکرام رانجھا، چوہدری سلیم بوڑا، چوہدری ماجد چیمہ، چوہدری عبدالرحمٰن، راجہ طاہر سدول، چوہدری گلزار لنگڑیال، شبانہ چوہدری، نینا خان، ناصر خان، آصفہ ہاشمی نے کیا۔ مظاہرین نے پارٹی پرچم اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ شدید سردی اور بارش کے باوجود مظاہرین گھنٹوں پاکستانی سفارت خانہ پیرس کے گرد شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔ مظاہرین میں بوڑھے، جوان، خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ سفارت خانہ کے باہر پہنچ کر مختلف رہنماؤں نے خطاب کرتے عمران خان سمیت تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔