ہیوسٹن/ڈیلاس /ٹورنٹو/وینکوور(نیوز ڈیسک / بدر منیر چوہدری )پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی کال پر دنیا بھر کی طرح امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں ہیوسٹن، ڈیلس، آسٹن اور پلانو میں بھی احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جن میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ہیوسٹن میں تحریکِ انصاف کے رہنما سجاد برکی اور عاطف خان جب کہ ڈیلس میں ندیم زمان، لبنیٰ خان، ریاض حسین اور نازیہ خان نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی،26ویں آئینی ترمیم کے خاتمے، پاکستان میں جمہوریت اور آئینی حقوق کی بحالی اور عوامی مینڈیٹ کی واپسی کا مطالبہ کیا۔مقررین نے ملک کی موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیتے ہوئے ان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور عمران خان کی رہائی کو ناگزیر قرار دیا۔مظاہرین نے اس موقع پر جوش و خروش کے ساتھ نعرے لگائے، پاکستان کے ملی نغمے اور انقلابی گیت بھی گائے۔مقررین اور مظاہرین نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خراب صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے پیش کردہ3بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے پر زور دیا۔ریاست ٹیکساس میں ہونے والے ان مظاہروں میں شریک افراد نے امید ظاہر کی کہ ایک دن پاکستان میں حق اور انصاف کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔اُنہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ جمہور کی اصل حکمرانی قائم ہو گی اور عوام اپنے فیصلے خود کرنے میں آزاد ہوں گے۔علاوہ ازیں کینیڈا کے مختلف شہروں ٹورنٹو، مسی ساگا، برامپٹن، اٹاوہ، کیلگری اور وینکوور میں پی ٹی آئی کے بانی کی کال پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔برامپٹن میں ایک پارک میں پی ٹی آئی کے کارکنان اکٹھے ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔مشہور گلوکار سلمان احمد سمیت علی ڈوگر، تابش توفیق، سعید میو، مصباح حق، اویس حسن، فدا خان، ایاز ملک اور دیگر نے خطاب کیا۔سلمان احمد نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کو جلد رہا نہ کیا گیا تو ہم ذمہ داروں کے خلاف یہاں سے مقدمات درج کروائیں گے۔مسی ساگا میں اسکوائر ون پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا جس سے اکبر وڑائچ، مسعود راجہ، ظفر اقبال، فیاض حیدر اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تھارن کلف ٹورنٹو میں احتجاجی مظاہرے سے کرنل (ر) سہیل انور، روبینہ فیصل، سلمان ارشد، کاشف سندھو، جمیلہ پانیزئی، کامران حفیظ اور دیگر نے خطاب کیا۔