کراچی (ا سٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ان کو لاشیں ملیں جن پر وہ سیاست کر سکیں، اختلافات اور احتجاج کا وقت ہوتا ہے، حساس موقعوں پر احتجاج کی کال دینا اچھی روایت نہیں، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی اور بشری بی بی نے احتجاج کے دوران پوری سرکاری مشنری استعمال کی، پولیس کو یرغمال بنایا گیا، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کو شہید کیا گیا ، وزیر داخلہ متحرک نظر آئے، عمدہ حکمت عملی سے انہوں نے پی ٹی آئی کی خواہش پوری ہونے نہیں دی۔ کراچی میں نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بشری بی بی عمران خان سے بھی دو ہاتھ آگے نکلیں، انہوں نے عوام کو مروانے کی بھرپور کوشش کی، بشری بی بی اور خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کنٹینر پرکھڑے ہوکر بول رہے تھے کہ عمران خان کو ساتھ لے کرجائیں گے۔