کراچی (اسٹاف رپورٹر)چین کے تجارتی وفد کے سربراہ نے کہا ہے کہ کراچی میں میڈیشن سٹی بنا رہے ہیں ، ایک ملین ڈالر سرمایہ کاری ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹی میں خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ وفد نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا بھی دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے والے چین کے 16 رکنی تجارتی وفد کے سربراہ مینگزوائی( Meng Xiaowei ) نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کار کراچی میں ایک ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے میڈیسن سٹی بنا رہے ہیں جس کیلئے دھابیجی اکنامک زون میں انڈسٹری لگانے کیلئے حکومت سندھ سے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی میں 1000 الیکٹرک بسیں، کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ٹرین، الیکٹرک ٹیکسیوں کے لئے سندھ حکومت سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر کاٹی کے صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل سٹی پاکستان کا پہلا میڈیسن اور فارما سیوٹیکل کا ایکو سسٹم ہوگا، 50 سے زائد کمپنیاں پاکستان آنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جنید نقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔