کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کے 150میگاواٹ رینوایبل انرجی منصوبوں کی بڈ ایویلیوشن رپورٹ پر نیپرا کی سماعت مکمل ہوگئی۔ کے الیکٹرک کی وندر اور بیلہ (بلوچستان) میں اپنے 150 میگاواٹ کے شمسی توانائی (سولر انرجی) کے منصوبوں کیلئے بڈ ایویلیویشن رپورٹ نیپرا کو پیش کی تھی۔ رواں سال کے اوائل میں نیپرا سے منظوری ملنے کے بعد کے الیکٹرک نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کا آغاز کرنے کیلئے صنعت کی پہلی مسابقتی بولی کا عمل شروع کیا تھا۔ کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ 150میگاواٹ کے وندر اور بیلہ منصوبے جو کہ مجموعی طور پر 640میگاواٹ قابل تجدید توانائی منصوبوں کا حصہ ہیں۔ کمپنی کے طویل المدت وژن کا پہلا مرحلہ ہے، جسکے تحت جنریشن مکس میں 1300میگاواٹ پائیدار توانائی شامل کیا جائےگا جس کا مقصد 2030تک جنریشن مکش میں 30فیصد قابل تجدید توانائی کو شامل کرنا ہے وندر اور بیلہ منصوبوں کیلئے 15بولیاں اور اسکے بعد دھابیجی (سندھ) میں 220میگاواٹ کے ہائبرڈ سولر ونڈ پروجیکٹ کیلئے سات بولیاں شامل ہیں۔ پاور یوٹیلیٹی نے 270 میگاواٹ سندھ سولر پروجیکٹس کیلئے بڈنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد نیلامی کی تشخیصی رپورٹ نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔ الیکٹرک کی چیف اسٹرٹیجی آفیسر شہاب قادر نے کہا کہ ہم کراچی کے عوام کیلئے پائیداراور مستحکم توانائی کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔