کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے زیر اہتمام سندھ پبلک سروس کمیشن پاس کرنے والے لیکچرارز میں آفر لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب میں وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، صوبائی وزیر تعلیم نے ایس پی ایس سی کے تحت کامیا ب قرار دیے گئے 833 نئے لیکچرارز مین آفر لیٹرز تقسیم کیے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کے لئے کالج ایجوکیشن کا مرحلہ بہت اہم ہوتا ہے، سندھ کے کچھ سرکاری کالجز میں اے۔لیول کلاسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں تا کہ سرکاری کالجز کے طلباء بھی مزید آگے بڑھ سکیں اور مقابلے کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ بدھ کے روز اسکاؤٹس ہال کراچی میں ہونے والی تقریب میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن آصف اکرام، ڈی جی کالجز ڈاکٹر نوید ربّ صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے نئے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں محکمہ کالج ایجوکیشن میں خوش آمدید کہا۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ “امید ہے آپ اس معتبر پیشے میں ایمانداری سے خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ استاد ہونا خود ایک بڑی ذمہ داری ہے، اساتذہ ہمارے مستقبل کی روشن راہوں کے ضامن ہیں ۔” انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تمام 374 کالجز ہمارے لئے اہم ہیں، ہر کالج میں تدریسی عمل کو فعال رکھنا بے حد ضروری ہے۔