کراچی (افضل ندیم ڈوگر) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سرکل کے عملے نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر امیگریشن کے دوران جہلم کے ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا جو سوازی لینڈ کے سروس پاسپورٹ پر سفر کرکے سوازی لینڈ سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔ حکام کے مطابق جہلم کا رہائشی تنویر اشرف غیرملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 626 سے دوحہ سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔ امیگریشن افسر نے مسافر تنویر اشرف کے پاس موجود سوازی لینڈ کے سروس پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کی۔ پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے بتایا کہ وہ سوازی لینڈ کا سرکاری ملازم یا سفارت کار نہیں بلکہ اس نے سوازی لینڈ کا پاسپورٹ جنوبی افریقہ کے 20 ہزار رینڈ (31 لاکھ روپے پاکستانی) ادا کرکے حاصل کیا ہے۔ حکام کے مطابق سروس پاسپورٹ صرف کسی ملک کے سفارتکار یا سرکاری ملازم کو ہی جاری کیا جاتا ہے۔