• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹمز میں فیس لیس اسسمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا، چیف کلکٹر کسٹمز

کراچی (سہیل افضل)چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ کراچی جمیل ناصر نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے نئی اصلاحات کے تحت کسٹمز میں فیس لیس اسسمنٹ (ایف سی اے) سسٹم متعارف کرا دیا ہے ،اس سسٹم کا مقصد تجارتی سہولت کو بڑھانا، گڈز ڈیکلریشنز کی تیز تر کلیئرنس کو یقینی بنانا اور کسٹم کے عمل میں شفافیت اور یکسانیت کو فروغ دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےکسٹمز ہاؤس کراچی میں منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آگہی سیشن میں ایف پی سی سی آئی،کراچی چیمبر اور کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے شریک ہو ئے۔آگہی سیشن میں بریفنگ دیتے ہوئے کسٹمز حکام نے بتایا کہ فیس لیس کسٹمزاسسمنٹ سسٹم کو تشخیص کے معیار کو بہتر بنانے، تشخیص کرنے والے افسران (اپریزنگ آفیسرز) کے درمیان کام کے بوجھ اور انسانی مداخلت کو کم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ بددیانتی کے مواقع کو کم کیا جا سکے۔سینٹرل اپریزنگ یونٹ کراچی پورٹ اور پورٹ محمد بن قاسم کے اندر تمام ٹرمینلز پر پہنچنے والی کنسائنمنٹس کو سنبھالے گا۔ کراچی کے مختلف کلکٹریٹس میں داخل کردہ گڈز ڈیکلریشنز سینٹرل اپریزنگ یونٹ کو اسسمنٹ کیلئے مختص کیے جائینگے۔ چیف کلکٹر جمیل ناصر نے کہا کہ فیس لیس سسٹم سے ٹریڈ کو سہولت ملے گی کلیئرنس کا وقت کم ہو جائے گا ،حکومت کا ریونیو بڑھے گا، کنسائمنٹ کی کلیئرنس میں اسسمنٹ کوالٹی بہتر ہو گی اور شفافیت بڑھے گی۔
اہم خبریں سے مزید