کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے سندھ سینئر سٹیزن کارڈ کا اجراء کیا ہے، جو بزرگ شہریوں کو طبی سہولتیں، سفر میں آسانی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار سماجی بہبود کے وزیر میر طارق علی خان تالپور نے سرکاری دستخطی تقریب میں کیا۔سماجی بہبود کا محکمہ سندھ نے نادرا کے تعاون سے بزرگ شہریوں کی معاونت کے لیے اس تاریخی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ نادرا کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ سینئر سٹیزن کارڈ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے 37 لاکھ شہریوں کو فائدہ پہنچائے گا جس کے ذریعے انہیں صحت کی دیکھ بھال، سفر کی سہولتیں اور دیگر شہری خدمات تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔