روس نے امریکا کو جاپان میں میزائل نصب کرنے سے خبردار کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق روس نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جاپان میں اپنے میزائل نصب نہ کرے کیونکہ اس سے ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا، اگر ایسا ہوا تو ماسکو جوابی کارروائی بھی کر سکتا ہے۔
جاپان کی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتِ حال میں تائیوان کی مدد کے لیے جاپان اور امریکا مشترکہ فوجی منصوبہ مرتب کرنا چاہتے ہیں جس میں میزائلوں کو نصب کرنا بھی شامل ہے۔
نیوز ایجنسی نے امریکی اور جاپانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ منصوبے کے تحت امریکا جاپان کے جنوب مغربی صوبوں کاگوشیما اور اوکیناوا کے نانسی جزائر اور فلپائن میں میزائل یونٹ نصب کرے گا۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان امریکا کے ساتھ فوجی تعلقات بڑھانے کا جواز پیش کر کے تائیوان کے اردگرد کی صورتِ حال تشویش ناک بنا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل روسی نائب وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ اگر امریکا ایسے میزائل براعظم میں نصب کرتا ہے تو روس ایشیاء میں مختصر اور درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو نصب کرنے پر غور کرے گا۔