برسلز( نمائندہ جنگ ) یورپین پارلیمنٹ نے آئندہ 5 سال کیلئے نئے یورپین کمشنرز کی توثیق کردی۔ اس حوالے سے یورپین پارلیمنٹ سٹراسبرگ میں ووٹنگ ہوئی۔ جس میں 720ارکان میں سے 370ارکان نے یورپین کمیشن کی دوسری مرتبہ منتخب ہونے والی صدر ارسلا واندرلین کی جانب سے پیش کردہ کمشنرز کے حق میں ووٹ دیا۔ 282 ارکان نے مخالفت کی جبکہ 36 ارکان نے غیر حاضری دکھائی۔ پارلیمنٹ کی جانب سے اس توثیق کے بعد نیا کمیشن یکم دسمبر سے آئندہ 5 سال کیلئے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے ʼآزادیʼ کو یورپین یونین کی کلیدی قوت قراردیا۔ انہوں نےکہاکہ آزادی کیلئے لڑنا بطور یورپین ہمیں آپس میں جوڑتا ہے۔ ہمارا ماضی، ہمارا حال ، ہماری قومیں اور ہماری نسلیں، میرے لیے یہ ہماری یونین کی بنیاد ہے۔ اور میرے لیے یہ آج پہلے سے کہیں زیادہ، یورپ کیلئے ایک محرک قوت بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئے کمیشن کا پہلا کام "مسابقتی کمپاس " پر عملدرآمد شروع کرنا ہوگا جو امریکہ اور چین کے ساتھ یورپ کے جدت طرازی کے فرق کو ختم کرے گا۔ سلامتی اور آزادی میں اضافہ کرے گا اور ڈی کاربونائیزیشن کو ڈیلیور کرے گا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یورپ سے اپنے دفاع پر زیادہ خرچ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیکیورٹی کو مضبوط بنانا بہت ضروری ہے۔