ماسکو( نیوز ڈیسک)روس میں گزشتہ برس 20سالہ نوجوان کو مسجد کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے جرم میں 3 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کی سزا میں اب مزید 13سال کا اضافہ کردیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے قرآن نذر آتش کرنے پر نوجوان نیکیتا زواویل کو چیچنیا کے حوالے کیا تھا جہاں اسے ساڑھے تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔حراست کے دوران ملزم کو چیچینا کے صدر رمضان قادیروف کے نوعمر بیٹے نے اسے مارا پیٹا بھی تھا۔تاہم اب روس نے پچھلے ماہ نوجوان کو واپس روس بلاکر یوکرین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں غداری کا مقدمہ چلایا گیا۔استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نیکیتا زواویل نے گزشتہ برس یوکرین کی سیکورٹی فورسز کو روسی فوجی کا ساز و سامان لے جانے والی مال گاڑیوں کی ویڈیو بھیجی تھی۔جس پر عدالت نے نوجوان نیکیتا کو ساڑھے 13سال قید کی سزا سنا دی۔ جج نے قرآن جلانے کی ساڑھے 3 سال اور اس سزا کو ملاکر 14 سال قید کاٹنے کا حکم دیا۔