لندن (پی اے )نارتھ لندن کے ٹیک اوے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے5افراد ہسپتال پہنچانا پڑا،100 فائر فائٹرز نے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فائر سروس کے مطابق آگ جمعرات کو Holloway کے علاقے میں واقع سیون سسٹر روڈ پر 03:45 بجے لگی تھی،آتشزدگی کی وجہ سے عمارت کی نچلی منزل کا نصف حصہ اور پہلی اور دوسری منزل پر واقع 2 فیلٹوں کو جزوی طوپر نقصان پہنچا۔آگ لگنے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا لیکن فائر بریگیڈ نے لوگوں کو اس علاقے سے دور رہنے کا مشورہ دیاہے ،لندن ایمبولنس سروس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جھلسنے والے لوگوں کو ہسپتال پہنچانے سے قبل طبی امداد دی گئی۔ایمبولینس سروس کا کہناہے کہ ہم نے جائے وقوعہ پر تمام وسائل پہنچائے جن میں ایمبولینس کا عملہ، پیرامیڈکس اور تیزی سے حرکت کرنے والی کار اور حادثے پر توجہ دینے والا افسر شامل تھا۔ لندن فائر بریگیڈ کا کہناہے کہ اسے آگ کے بارے میں 19 کالز موصول ہوئیں اور کیتش ٹاؤن،آئی لنگٹن اور یوسٹن سمیت مختلف علاقوں کے15 فائر انجنوں اور فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ،فائر سروس نے ویسٹ ہیمپس ٹیڈ کے علاقے میں لگنے والی آگ کی اطلاع پر وہاں بھی 10 فائر انجن بھیجے جنھوں نے شام کو تقریباً 05:20 بجے آگ بجھادی۔یہ آگ لن کرافٹ گارڈن کے ایک ٹیرس کے کنارے لگی تھی جسے فلیٹ میں تبدیل کردیاگیاتھا۔آگ کی وجہ سے عمارت کی چھت کا کچھ حصہ شعلوں کی زد میں آگیاتھا فائر فائٹرز نے وہاں سے کم وبیش 25 افراد کو بحفاظت نکال لیا ،کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ،ویسٹ ہیمپس ٹیڈ فائر اسٹیشن نے اس آتشزدگی سے متاثر ہونے والے لوگوں کیلئے ایک آرام گاہ کا انتظام کردیاہے ،لندن فائر بریگیڈ کو ہیمپس ٹیڈ میں آتشزدگی کی اطلاع شام کو 03:09 ملی جس پر ویسٹ ہیمپس ٹیڈ کے علاوہ پیڈنگٹن ،نارتھ کین سنگٹن ،ہینڈن اور ارد گرد کے فائر اسٹیشنز کا عملہ وہاں روانہ کیاگیا۔