پشاور (جنگ نیوز)انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) کے صدر ایوب خان زکوڑی نے وفاقی اور صوبائی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے درپیش چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو فوری طور پر معاشی ریلیف فراہم کریں۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے ساتھ ساتھ جاری سیاسی مظاہروں اور سڑکوں کی بندش نے کاروباری سرگرمیوں میں غیر معمولی خلل ڈالا ہے جبکہ ان حالات کی وجہ سے تجارت مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہے اور درآمدات و برآمدات پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش سنگین چیلنجز کو تسلیم کرتے ہوئے آئی اے پی فوری طور پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کرتی ہے جبکہ ایسے حالات میں خیبر پختونخوا کو درپیش خطرناک چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک خصوصی اقتصادی پیکج کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دو سال کیلئے سبسڈی والے مارک اپ کا اجراء ناگزیر ہے تاکہ اس سے کاروباری اداروں کو مالی بوجھ سنبھالنے میں مدد سکے جبکہ دو سال کیلئے سیلز ٹیکس سے استثنیٰ بھی کاروبار پر مالی دباؤ کم کرنے اور معاشی بحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔