پشاور(جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان طارق علی خان کی زیر صدارت اینٹی کرپشن ہفتہ (2 دسمبر سے 9 دسمبر 2024) کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اسسٹنٹ کمشنرز داسو و سیو اور تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کو ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح قرار دیا۔ اجلاس میں اینٹی کرپشن ہفتے کے دوران عوامی آگاہی مہمات، سیمینارز اور دیگر سرگرمیوں کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام محکمے کرپشن کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں اور شفافیت و احتساب کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، اور یہ اقدامات عوامی فلاح و بہبود اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔