اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) موجودہ پندرہ دن کے آخری 12 دنوں میں بین الاقوامی قیمتوں میں ہونے والے معمولی اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے یکم دسمبر 2024سے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2.87فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ تاہم متعلقہ حکام اسرائیل-حزب اللہ کی جنگ بندی کی وجہ سے آج یا کل سے عالمی منڈیوں میں پی او ایل کی قیمتوں میں کمی کی توقع کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پی او ایل کی قیمتیں غیر تبدیل شدہ رہ سکتی ہیں۔ برینٹ کروڈ فیوچرز 2سینٹ بڑھ کر 72.83 ڈالر فی بیرل پر طے ہوا۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 5سینٹ کم ہوکر 68.72 ڈالر ہوگئی۔ موجودہ پندرہ دن کے 12دنوں پر مبنی کام کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3روپے فی لیٹر اضافے پر کام کیا گیا ہے اور یہ موجودہ قیمت 248.38 روپے فی لیٹر سے 251.38روپے فی لیٹر کی نئی قیمت پر طے ہوسکتی ہے۔