• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپئر، غیرت کے نام پر لڑکے اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیپئرکے علاقے میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر لڑکے اور لڑکی کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نیپئر تھانے کی حدود لیاری میوہ شاہ مسجد کے قریب جمعرات کی شب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے رکشے میں سوار مرد اور عورت پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 کے قرئب خول اپنی تحویل میں لے کر فرانزک لیب بھیج دئیے جبکہ رکشہ ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لیا۔ایس ایس پی سٹی ڈسٹرکٹ عارف عزیزکے مطابق مقتول کی شناخت 25سالہ عطاءاللہ ولد پیر محمدخان کے نام سے ہوئی جبکہ مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔مقتولہ کی عمر 23سے 24سال کے درمیان بتائی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقتولین کلفٹن کے نجی مال سے رکشے میں سوار ہوئے تھے۔رکشہ ڈرائیور نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کہ لڑکا اور لڑکی نے لیاری جانے کا کہا تھا۔ جیسے ہی رکشہ نیپئر کی حدود میوہ شاہ مسجد کے پاس پہنچا پیچھے سے آنے والے دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کردی۔پولیس کے مطابق مقتولین لیاری کے کسی ہوٹل میں مقیم تھے جو چند ماہ سے کراچی میں تھے۔ مقتول کا آبائی تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا۔پولیس کے مطابق مقتول عطاءاللہ کے بھائی سے فون پر رابط کیا گیا اور انہیں واقعہ کے حوالے سے بتایا تو بھائی کی جانب سے جواب ملا کہ جو ہوا اچھا ہوا،اس کے ساتھی یہی ہونا چاہیے تھا۔ہمارا ان سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے آپ انکو لاوارث سمجھ کر دفنا دیں۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے بعد لاشیں سردخانے میں رکھوا دی ہیں۔ایس ایس سٹی کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہی معلوم ہوتا ہے تاہم واقعہ کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید