• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارم 47 حکومت کو ملک میں تماشا بنانے کا حق نہیں، حافظ نعیم

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ظالمانہ طریقے سے عوام کے آئینی و جمہوری حق کو کچلنے، آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانے، صحافیوں کے اغوا اور بعد میں انہیں جھوٹے مقدمات میں قید کرنے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، فارم 47کی حکومت کو کسی صورت یہ حق حاصل نہیں کہ آئین و جمہوریت کا گلا گھونٹ کر ملک کو تماشا بنا دے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ مطیع اللہ جان اور دیگر صحافیوں پر جھوٹے مقدمات ختم کرکے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت نے فسطائیت کا مظاہر ہ کرکے درحقیقت 25کروڑ عوام کو جو پیغام دینے کی کوشش کی ہے، جماعت اسلامی اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ یہ ملک عوامی جدوجہد کے نتیجہ میں بنا اور عوام ہی اس کے اصل وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام پر ظلم کررہے ہیں وہ کسی صورت عوام کے سیلاب کو نہیں روک سکتے۔
اہم خبریں سے مزید