کوئٹہ(نمائندہ جنگ) بلوچستان اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کی قرارداد منظور کرلی، اپوزیشن کا قرارداد کی مخالفت ، ایوان سے واک آوٹ کیا ۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری مشینری اور وسائل کے ساتھ وفاق پر حملہ کرنا اس کے غیرسیاسی ایجنڈے کا واضح ثبوت ہے، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے اپنی ، میر صادق عمرانی ، میر محمد عاصم کرد گیلو ، راحیلہ حمید درانی ، بخت محمد کاکڑ ، ولی محمد نورزئی ، برکت علی رند اور زرک مندوخیل کی مشترکہ قرارداد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنے والی جماعت پی ٹی آئی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پرتشدد کارروائیاں کی جارہی ہیں جو ملک کی تاریخ میں ایک سیاسی انتشاری ٹولے کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔