اسلام آباد(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخواکی ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سکیورٹی فورسز کےآپریشن کے دوران سرغنہ سمیت 4 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باغ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیاآپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا ،علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خارجیوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے اور سرغنہ سمیت چار خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور تین کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پرفورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے،د ہشتگردی کےخاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔