• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دینی مدارس اٹھیں گے اور اسلام آباد کا رخ کریں گے، کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکتا، فضل الرحمٰن

سکھر (بیورو رپورٹ / سید محمد عارف) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ صوبوں میں امن قائم رکھنا حکمرانوں کے بس کی بات نہیں رہی، حقوق سلب، وسائل پر قبضے ہورہے ہیں، پاکستان کو انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، ہم آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں، کوئی کھلواڑ کرے گا تو قوم خاموش نہیں رہے گی، پوری قوت سے حقوق کی جنگ لڑے گی، آج کی پارلیمنٹ میں حکمرانوں اور پشت پناہی کرنیوالی طاقتوں نے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، دینی مدارس اٹھیں گے اور اسلام آباد کا رخ کرینگے، کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکتا، خدا کرے ایسی نوبت نہ آئے، سدھر جاؤ، عقل کے ناخن لو، وطن عزیز میں اسلام کے گروہ پر حملے بند کردو، جواب ملے گا تو تم اپنے گھروں میں بھی نہیں ٹھہر سکو گے، ہماری سیاست میں لچک، اعتدال ہے، گفتگو پر یقین رکھتے ہیں، ہم الیکشن کو آج بھی مسترد کرتے ہیں، اسمبلیوں کو اسٹبلشمنٹ کا نمائندہ کہتے ہیں، یہ عوام کے نمائندے نہیں، یہ اسمبلیاں خریدی گئی ہیں، ان کی بولیاں لگی ہیں، ہم ایسی اسمبلیوں کو کیسے مانیں، یہ ہمارے اصول، نظریہ کیخلاف ہے، ملک میں جب تک دوبارہ الیکشن نہیں ہوتے تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، جدوجہد جاری رہے گی۔ اسلام آباد میں حکمرانوں کے پرتشدد رویہ کی مذمت کرتا ہوں۔ وہ سکھر کے علاقے شکارپور روڈ پر منعقدہ سندھ باب الاسلام کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، مولانا عبدالصمد ہالیجوی، مولانا مفتی سعود افضل ہالیجوی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے خطاب میں کہا کہ سندھ کو باب الاسلام اور پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے کے دعویدار ہم لوگ ہیں، یہ ملک ہمارا ہے، ہم دین، اسلام کی بات کرتے ہیں اور پاکستان کے لئے بطور نظام اسے پسند کرتے ہیں، اسلام انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، انسان کے جان و مال، عزت و آبرو کا تحفظ کرتا ہے، اسلام امن، خوشحالی اور سلامتی کا پیغام ہے، ہمیں گریبان میں جھانکنا چاہیے، 77سال کا جائزہ لینا چاہیے، جو قوتیں پاکستان پر مسلط ہیں، ہمیں اپنے طرز حکمرانی، فتنہ انگیز ذہنیت سے اللہ کے عذاب کو دعوت دی ہے، متکبر بیورو کریسی، مفاد پرست طبقے و سیاستدانوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے بس کی بات نہیں، تم راستے سے ہٹ جاؤ، ہم پاکستان کو خوشحال اور مستحکم سرزمین بنائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید