پیرس(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف فرانس کے رہنما یاسر قدیر اورچوہدری اشفاق جٹ نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے پر امن مظاہرین پر بدترین تشدد اورفائرنگ کی مذمت کرتے ہیں، رہنماؤں نے کہا کہ پیرس میں پیلس دی نیشن کے مقام پر کل یکم دسمبر کو بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ یاسر قدیر ، چوہدری اشفاق جٹ نے کہا کہ یورپ بھر میں 26نومبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پروزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور اور بانی چیئر مین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گاڑی پر فائرنگ اور ان کے کنٹینر کو آگ لگانے اور شیلنگ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، یاسر قدیر ، چوہدری اشفاق جٹ نے بتایا کہ اس مظاہرے میں پاکستانی کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں کہا کہ اس موقع پر شہید و زخمی کارکنوں کی مکمل فہرست اور مارچ کی قیادت کو قتل کرنے کی سازش کو بے نقاب کیا جائے گا۔