مانچسٹر (علامہ عظیم جی) برطانوی ممبر پارلیمنٹ عدنان حسین کی دعوت ولیمہ مانچسٹر کے مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔ لیبر پارٹی کے ممبر پہلے برٹش پاکستانی جنھوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب جیتااور ایم پی منتخب ہوئے ۔ دعوت ولیمہ میں سابق لیبر لیڈر لیبر پارٹی جیر می کوربن، ایم پی محمد ایوب، ایم پی محمداقبال، کونسلر یاسر اقبال، چوہدری مسرت علی، ڈاکٹر محمد یونس پرواز کے علاوہ سیاسی، سماجی، مذہبی اور سول سوسائٹی کے افراد نےشرکت کی۔ آزاد ایم پی جیرمی کوربن نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی عدنان حسین کو شادی کی مبارک دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں ان کی ازدواجی زندگی بہترین گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کمیونٹی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ یہ اسلاموفوبیا سے آگاہی کا مہینہ ہے۔ مسلمان کمیونٹی ایک مضبوط کمیونٹی ہے جو برطانیہ کے بزنس اور سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ اور دیگر افراد نے عدنان حسین کو شادی کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح عدنان حسین نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی اور کمیونٹی کی خدمت کر کے مسائل حل کر رہے ہیں اس طرح وہ اپنی زندگی میں بھی کامیاب ہوں گے۔ شادی کی تقریب میں قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اور معزز مہمانوں کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ آخر میں علمائے کرام نے نئے جوڑے کی نئی زندگی کے لیے دعا کی۔