کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال فیک نیوز دینے والے کو5 سال قید یا10 لاکھ جرمانہ ہوگا، فیک نیوز کے تدارک کے لئے سزائیں اور جرمانے درست اقدام ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کارریما عمر نے کہا کہ فیک نیوز کی توضیح پیش کرنا بہت مشکل ہے ، تجزیہ کارعمر چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناقابل یقین مقبولیت نوے فیصد فیک نیوز کا نتیجہ ہے،تجزیہ کارشہزاد اقبال نےکہا کہ میڈیا کی آواز دبائیں گے تو لوگ سوشل میڈیا پر جائیں گے،تجزیہ کارسلیم صافی نےکہا کہ ابلاغ کے ذرائع پر کسی قسم کی کوئی قد غن نہیں ہونی چاہئے،فیک نیوز کے تدارک کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تجزیہ کارریما عمر نے کہا کہ فیک نیوز کی توضیح پیش کرنا بہت مشکل ہے ۔ اکثر ریاستیں ذاتی مفاد کے لئے اس کو استعمال کرتی ہیں۔مجموعی طور پر اس کا آزادی اظہار رائے ، میڈیا کی آزادی،صحافت اور رپورٹنگ پر برا اثر پڑتا ہے۔ قوانین پہلے ہی موجود ہیں۔ اسپیشل ٹریبونلز بنائے جارہے ہیں جو کہ مسئلے کا حل نہیں ہیں۔تجزیہ کارعمر چیمہ نے کہا کہ جو تجویز آرہی ہے وہ یقیناً ہو بھی جانی ہے۔پی ٹی آئی کی ناقابل یقین مقبولیت نوے فیصد فیک نیوز کا نتیجہ ہے۔جس انداز میں یہ فیک نیوز پھیلاتے ہیں۔فیک نیوز کی وجہ سے ہماری جمہوریت خطرات سے دوچار ہے۔فیک نیوز کی وجہ سے پوری معاشرے کی سوچ تبدیل ہورہی ہے۔