کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغاودیگر ضلع ایگزیکٹیوز نے مشترکہ بیان میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنوں کو کامیاب جلسہ عام کے انعقاد پر داد وتحسین اور مبارکباد پیش کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 51ویں برسی کی مناسبت سے کوئٹہ کے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ میں منعقد ہونیوالے جلسہ عام میں ضلع کوئٹہ کے ضلعی ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی کے اراکین، تحصیل سریاب، تحصیل سٹی ، تحصیل کچلاک اور تحصیل صدر کے تمام ایگزیکٹیوز اور کمیٹیوں کے اراکین ، علاقائی کمیٹیوں اور ابتدائی یونٹ کے اراکین نے شب وروز محنت ، بھرپور عوامی رابطہ مہم، وال چاکنگ ، پارٹی جھنڈیاں اور پینافلیکس، بینرز شہر میں لگانے سمیت سوشل میڈیا پر جلسے کی کامیابی کے حوالے سے مہم چلائی، کارکنوں کے جوش وجذبے اور تنظیمی فعالیت سے پارٹی اپنے قومی اہداف کے حصول کی جدوجہد کی منزل جلد حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئٹہ شہر میں عوام سخت ترین مشکلات سے دوچار ہیں باالخصوص گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس پریشر کی اس وقت شدید کمی ،پینے کے صاف پانی کی قلت ، شہر کے مختلف علاقوں میں چوری ، ڈکیتی ، بدامنی کے واقعات نے شہریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ حکومت امن وامان کو قائم رکھنے میں مسلسل ناکام نظر آرہی ہے ،انہوں نے کامیاب جلسہ عام کے انعقاد اور سیکورٹی پر پولیس ، انتظامیہ، ٹریفک پولیس ،میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت تمام اداروں کے حکام کا بھی شکریہ ادا کیا ۔