کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مقبول بلوچ نے کہا ہے کہ فزیوتھراپی کے شعبے کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے ، کئی دہائیوں سے حکومتی عدم توجہی کے باعث فالج ، ریڑھ کی ہڈی اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا مریض بروقت اور معیاری علاج سے محروم ہیں ۔ حال ہی میں نئے ٹراما سینٹر کیلئے کنٹریکٹ بنیادوں پر 70 اسامیاں ناکافی ہیں،1500 سے زائد فزیو تھراپسٹ ڈپلومہ ہولڈرز کی اوپن میرٹ کی بجائے ڈویژن کی سطح پر مستقل اسامیوں پر بھرتیاں عمل میں لائی جائیں ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ فزیو تھراپی کوئی عارضی یا وقتی ضرورت نہیں بلکہ صحت کے نظام کا ایک مستقل اور بنیادی حصہ ہے ، کنٹریکٹ بنیادوں پر محدود اسامیوں سے نہ تو اس شعبے کو استحکام مل سکتا ہے اور نہ ہی مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں تمام اسامیاں اوپن میرٹ پر رکھی گئی ہیں۔