کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ کے پی ٹی کازیادہ ریونیوتنخواہوں میں چلا جاتا ہے 11ارب کے پی ٹی کی تنخواہیں ہیں 5 ارب روپے کا ریونیوہے اسی لیے فرق چھ ارب کا بنتاہے ملازمین اگر زیادہ ہیں تو میں نے انتظامیہ سے کہا ہے کہیں اور لگائیں اوور ٹائم نہ دیں، ہمیں سی فوڈز سمیت مچھلیوں کی برآمدات میں اضافہ کرناہے ،کے پی ٹی اور پورٹ قاسم پر جو ایکسپورٹرز کے مسائل ہیں وہ حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی این ایس سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے ہم نے کھلی کچہری منعقد کرنا شروع کی ہے تاکہ وزارت کی سطح کے جو بھی مسائل ہوں انہیں حل کیا جائے، یہاں سب مسائل کو حل کرایا جاتا ہے۔ فشریز میں بڑے مواقع ہیں کوشش ہے تمام سیکٹرز میں ریونیو بڑھایا جاسکے۔