کراچی (نیوز ایجنسیاں) سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آ ئی نے 14دسمبر کی کال جنرل فیض کے ٹرائل کو مدنظر رکھ کر دی پی ٹی آئی سول نافرمانی کی کال سے فیض حمید کیس پر دبائو ڈالنا چاہتی ہے،بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات ہیں،انکی جان پر سیاست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، ایم کیو ایم کی قیادت فضل الرحمٰن سے ملاقات کریگی، روز دھرنا اور احتجاج پاکستان برداشت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے پاس جانے کا مقصد قومی کاز ہے، میں یہاں کسی مطلب سے نہیں آیا ہوں، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں، میں اورمصطفیٰ کمال پیار سے بھی بات کرتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی کام کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روز دھرنا، احتجاج پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، پی ٹی آئی کا بھی مینڈینٹ ہے ان سے اختلافات ہوسکتے ہیں مگر انہیں عزت دینی ہوگی۔