• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارہ چنار کرم کے حالات پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس احسن اقدام تھا ، اسلامی تحریک پاکستان

اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے ) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ پارہ چنار کرم کے حالات پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس احسن اقدام تھا لیکن کس قدر اچھا ہوتا کہ کانفرنس کا بیانیہ مسائل کے حل بارے ہونا چاہئے تھا نہ کہ سیاسی نمبر گیم پر مشتمل ہوتا،اپنے بیان میں انہوں نے کہا کرم پارہ چنار کے امن و امان کی خاطر تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ کو اپنے پارٹی، ذاتی مفادات اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فیصلے لینا چاہئیں اور سب کی اولین ترجیح شدید مشکلات میں گھرے کرم کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہو، بڑی تعداد میں دہشت گرد ملک میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں، مضبوط ترین دفاعی نظام کے باوجود یہ سب کیسے ممکن ہوا ہے سمجھ سے بالاتر ہے، اس لیے ہم بار بار متوجہ کرتے رہے ہیں کہ وطن عزیز کو بیرونی دشمن سے زیادہ اندرونی تخریبی عناصر سے زیادہ خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے تمام ذمہ داران اور غیر ذمہ داران کو متنبہ کرتے ہیں کہ اب بھی وقت ہے کہ مل بیٹھ کر کوئی ایسے مضبوط فیصلے لئے جائیں جن کی بدولت پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے والی قوتوں سے محفوظ کیا جا سکے۔
اسلام آباد سے مزید