لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکر ٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ شام کی مخدوش سکیورٹی صورتحال پر پوری امت مسلمہ تشویش میں مبتلا ہے۔شام میں پھنسے پاکستانیوں کی فی الفور بحفاظت وطن واپسی کو ممکن بنایا جائے۔اپنے ایک وڈیو بیان میں حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ شام میں زیارات کے لیے گئے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مشکلات کا شکار ہے اورشام میں موجود پاکستان کی ایمبیسی پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی میں معذور نظر آتی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ شام میں پاکستانی ایمبیسی اب پاکستانیوں کے فون بھی ریسیو نہیں کر رہی،شام میں موجود تمام پاکستانیوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت وقت کی ذمّہ داری ہے،چنیوٹ کے 300 سے زائد زائرین شام میں پھنسے ہوئے ہیں,انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فوری اپنے سفارتی اثر و رسوخ سے تمام پاکستانیوں کو شام سے بحفاظت نکالے۔