گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش سندھی سنگت اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام گلاسگو میں سندھی کلچرل ڈے بڑے پرجوش طریقے سے منایا گیا۔تقریب میں ہر عمر کے مردوں نے اپنا قومی خوبصورت سندھ لباس پہن کر شرکت اور مقبول ہے جمالو ڈانس بھی پیش کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسکاٹش لیبر پارٹی کے لیڈر انس سرور نے کہا کہ سندھ کی خوبصورت اور قدیم تہذیب و ثقافت ، سندھی ٹوپی، اجرک، دلکش موسیقی اور شاعری پوری دنیا کے لئے ایک تاریخی ورثہ ہے۔ انس سرور نے پاکستانیوں کی خصوصی خدمت کے لئے سندھی نوجوان رب نواز کی خصوصی تعریف کی۔ قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے کہا کہ سندھی ثقافت پاکستان کی تنوع اور رنگین ثقافتوں کا ایک خوبصورت اور لازمی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اسکاٹ لینڈ میں سندھی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد نہیں، لیکن یہ پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے زندگی کے ہر شعبے میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کونسلر ثاقب احمد نے کہا کہ سندھ صوفیا کی سرزمین ہے جہاں صدیوں سے پرامن بقائے باہمی اور امن کا درس دیا جاتا ہے۔ امتیاز گومرو نے کہا کہ سندھ کی سرزمین کو یہ فخر حاصل ہے کہ یہ شاہ عبدالطیف بھٹائی ، سچل سرمست اور قلندروں کا مسکن رہی ہے۔ عباس چنا کا کہنا تھا کہ سندھ کی دھرتی آپس میں ہم آہنگی رواداری اور خدمت خلق کی عکاس ہے۔ تقریب سے وقار خشک، منیر ابڑو، رب نواز اور کاشف اعوان نے بھی خطاب کیا۔